بٹ کوائن کی قیمت 18 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی

لندن (صباح نیوز)بٹ کوائن کی قیمت 25 ہزار ڈالر سے کم ہو کر 18 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی جب کہ کرپٹو کرنسی کے ریکارڈ بلند ہونے کے مہینوں بعد سرمایہ کاروں نے عالمی منڈیوں میں فروخت کے غیر یقینی اور خطرناک رجحان کے باعث ایسے اثاثوں میں سرمایہ کاری سے گریز کیا جن میں ‘رسک فیکٹر’ زیادہ ہے۔برطانوی خبر رساں اداریکے مطابق یونٹ کو اس خبر سے بھی زبردست دھچکا لگا کہ کرپٹو کرنسی کو قرض دینے والے پلیٹ فارم سیلسیس نیٹ ورک نے غیر مستحکم معاشی حالات کا حوالہ دیتے ہوئے رقم نکالنے کے عمل کو روک دیا ہے۔ جمعہ کے روز سے عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا جب کہ تازہ اعداد و شمار سے امریکی افراط زر 4 دہائیوں کی بلند ترین سطح پر نظر آئی، جس سے ملک میں شدید معاشی بحران کے خدشات میں اضافہ ہوا جس کے بعد سرمایہ کاروں نے ڈالر جیسے محفوظ اثاثوں میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا۔ایکس ٹی بی کے چیف مارکیٹ تجزیہ کار والد کوڈمانی نے کہا کہ مارکیٹ میں اتنی شدید مندی بہت زیادہ حیران کن نہیں جب کہ ہم نے روایتی اسٹاک جو کہ حال ہی میں کم ہو چکے اور کرپٹو کرنسی مارکیٹ کے درمیان گزشتہ چند سالوں میں بڑھتے ہوئے باہمی ربط کو دیکھا ہے۔دنیا کی سب سے مشہور کریپٹو کرنسی کی قدر میں لندن میں صبح کے وقت ہونے والی ڈیلز میں تقریبا 10 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد اس کی قدر 23 ہزار 794 ڈالر تک پہنچ گئی، آخری مرتبہ دسمبر 2020 میں یہ اس سطح پر پہنچی تھی۔ورچوئل یونٹ نومبر 2021 میں ریکارڈ بلند سطح کو چھونے کے بعد 65 فیصد تک گر گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں