واشک میں گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول بنیادی سہولیات سے محروم، اساتذہ غائب
واشک (نامہ نگار) بلوچستان کے انتہائی پسماندہ ضلع واشک میں تعلیم زبوں حالی کا شکار، واحد گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائی اسکول واشک بنیادی سہولیات سے محروم، تین سو ساٹھ طالبات پر مشتمل اسکول کے لیئے آٹھ خاتون ٹیچرز سے تین واشک کی مقامی ٹیچرز ڈیوٹی سر انجام دے رہی ہیں، باقی ڈیوٹیوں سے غائب ہیں۔ گرلز ماڈل ہائی اسکول واشک کی بچیاں بجلی و پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ بجلی کی مین لائن اسکول کی چاردیواری سے گزر رہی ہے مگر اسکول کو بجلی نہیں، جو چراغ تلے اندھیرے کے مترادف ہے۔ اسکول میں پانی کی بورنگ تیار ہے مگر بجلی و موٹر نہ ہونے کی وجہ سے بچیاں بورنگ سے استفادہ نہیں کرسکتیں۔ اسکول کی طالبات نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ڈی ای او ایجوکیشن سے بار بار اسکول کے مسائل حل کرنے کی درخواست کی مگر ڈی ای او ایجوکیشن سیر سپاٹوں میں مصروف ہیں، اسکول کے مسائل سے چشم پوشی کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جو ضلع کا انتظامی سربراہ ہے جس نے کبھی اسکول کا دورہ کرنا تک گوارا نہیں کیا۔ طالبات نے کہا کہ اگر پانی و بجلی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو ہم ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کرینگے۔


