امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 11 ہو گئیں
بعض شہریوں کی جانب سے لیبارٹریز میں ٹیسٹ نہ کیے جانے کی شکایات،کچھ علاقوں میں سکول بند
واشنگٹن ,امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی آگئی ہے جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد11ہو گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق واشنگٹن میں اب تک 10ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور ایک شخص کیلیفورنیا میں ہلاک ہوا ہے جبکہ 13 ریاستوں میں کل 149افراد وائرس میں مبتلا ہیں۔امریکا کے کچھ علاقوں میں اسکول بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ بعض شہریوں کی جانب سے لیبارٹریز میں ٹیسٹ نہ کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔کورونا سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 252 مریض جان سے جا چکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثر افراد کی تعداد تقریبا 95 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور 51 ہزار 433 صحت یاب بھی ہو چکے۔عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں سے 3 اعشاریہ 4 فیصد کی اموات ہوئی ہیں جو موسمیاتی فلو سے ہونے والی شرح اموات سے تو زیادہ ہے لیکن کورونا وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔