مائیکرو سافٹ نے 27 سال بعد اپنے براوزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کو بند کردیا
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی مقبول ترین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے انٹرنیٹ کی پہچان بننے والے دنیا کے پرانے اور مقبول ترین براوزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کو باضابطہ طور پر بند کردیا۔ مائیکرو سافٹ نے ابتدائی طور پر 27 سال قبل 1995ءمیں ‘انٹرنیٹ ایکسپلورر’ براوزر کو متعارف کرایا تھا اور اس وقت وہی اکیلا براوزر تھا۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر کئی سال تک انٹرنیٹ کی پہچان بنا رہا تاہم 2004ءمیں موزیلا فاونڈیشن نے اس کے ٹکر میں فائر فوکس کو باضابطہ طور پر متعارف کرایا۔ اگرچہ فائر فوکس براوزر 2002ءمیں ہی بن چکا تھا تاہم اسے عام صارفین کے لیے 2004ءمیں متعارف کرایا گیا۔ فائر فوکس اور گوگل کروم کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کو لوگ تقریبا بھول ہی گئے تھے تاہم مائیکرو سافٹ نے نئے براو¿زر ایج کو گوگل کروم جیسا بنا کر اس حوالے سے اپنی بادشاہی واپس لینے کی کوشش کی لیکن اس کی کوششیں ناکام رہیں۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر تمام ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں ڈیفالٹ براﺅزر کے طور پر کام کرتا تھا، تاہم کمپنی نے 2020ءمیں اسے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن اب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ انٹرنیٹ ایکسپلورر ونڈوز 10 اور ونڈوز الیون کے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگا اور 15 جون کے بعد براﺅزر کسی بھی ڈیسک ٹاپ پر موجود نہیں ہوگا۔ مائیکرو سافٹ نے 4 سال قبل 2016ءمیں ہی صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر سے جان چھڑانے کا مشورہ دے کر عندیہ دیا تھا کہ ممکنہ طور پر کمپنی مذکورہ براوزر کو بند کر دے گی۔ کمپنی نے 2016ءسے ہی انٹرنیٹ ایکسپلورر کے پرانے ورڑن کی سپورٹ ختم کردی تھی تاہم ویب براوزر کے نئے 2013ءمیں متعارف کرائے گئے گیارہویں ورژن کو سپورٹ فراہم کی جا رہی تھی۔ مائیکرو سافٹ نے گزشتہ چند سال میں متعدد بار اپنے صارفین کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کی خامیوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے رواں سال کے آغاز میں اپنے نئے براوزر مائیکرو سافٹ ایج استعمال کرنے کی تجویز دی۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر کے مکمل طور پر بند ہونے کے معاملے پر ٹوئٹر صارفین نے مزاحیہ ٹوئٹس بھی کیں اور اسے 1990ءکے بچوں کی سب سے حسین یاد قرار دیا۔


