بارکھان کے علاقے میں ہیضہ کی وباء سے دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق

کوہلو (انتخاب نیوز) بارکھان کے علاقے وٹاکری مری بوہڑی میں ہضہ کی بیماری پھیلنے سے علاقے میں ایک خاتون سمیت دوبچے جاں بحق ہوگئے۔ وٹاکری مری بوہڑی بارکھان میں گزشتہ روز اچانک علاقے میں مقیم افراد میں الٹیاں اور دست شروع ہوگئے جس کے نتیجے میں دو کمسن بچوں موسیٰ، ممتاز سمیت 35 سالہ خاتون (س) ہیضہ سے جاں بحق ہوگئیں، دونوں بچوں کی عمریں 2 سے 4 سال بتائے گئے ہیں۔ علاقے میں ہیضہ کی وباء سے دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن کی اموات ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہوئی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں اس وباء سے متعداد افراد متاثر ہیں جن میں سے کئی مریضوں کو ڈیرہ غازی خان منتقل کردیا گیا ہے جبکہ متعدد گھروں میں ہیں جن کا علاج معالجہ مقامی سطح پر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بارکھان عبدالمجید لہڑی نے بتایا کہ متاثر یونین کونسل وٹاکڑی مری بوہڑی میں میڈیکل ٹیموں کے ہمراہ ڈاکٹرز اور ہیلتھ کی ٹیمیں گزشتہ شب سے امدادی سرگرمیوں میں کوشاں ہیں 48 گھنٹے کے دوران دو بچوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ کی خصوصی ہدایت پر ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئی ہیں اب تک 27مریضوں میں الٹیاں اور دست رپورٹ ہوئے ہیں جس میں سے 4 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ دیگر مریضوں کا علاج معالجہ کیا جارہا ہے۔ میڈیکل کیمپ لگا کر علاقے میں وبائی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالمجید لہڑی نے مزید بتایا کہ گرم موسم اور کچے تالابوں کے پانی پینے سے علاقے میں لوگ متاثر ہوئے ہیں، تاہم بروقت اقدامات سے جلد اس صورتحال پر قابو کیا جائے گا، حالیہ وباء کو علامات سے ممکنہ طور پر ہیضہ کہا جاسکتا ہے۔ پانی اور متاثرہ مریضوں کی خون کے سیمپل ٹیسٹ کیلئے بھیجے جاچکے ہیں، جس کے رزلٹ آنے کے بعد مکمل طور پر اس بیماری کی تشخص ہوجائے گا لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ گرم موسم میں باہر نکلنے اور کچے تالابو ں کے پانی پینے سے اجتنا ب کریں اگر کہی کوئی ایسی کیس سامنے آئیں تو فوری طور پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ بروقت اقدامات کئے جاسکیں جبکہ علاقے کے عوامی حلقوں نے صوبائی حکومت سے ناصرف فوری طور پر اقدامات کرکے وباء کو کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ہے بلکہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کی مستقل فراہمی کابھی فوری مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں