بھارت میں احتجاج شدت اختیار کرگیا، سیکڑوں ٹرینیں اور سرکاری املاک نذر آتش
نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں فوج میں 4 سال کیلئے بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ’کے خلاف پرتشدد احتجاج کئی ریاستوں تک پھیل گیا۔بھارتی حکومت کی جانب سے مسلح افواج میں بھرتی کیلئے اگنی پتھ اسکیم جاری کرنے کے بعد بھارت بھر میں احتجاج جاری ہے اور 4 روز سے جاری احتجاج پرتشدد رنگ اختیار کرگیا ہے۔بھارتی حکومت کی جانب سے اسکیم کے ذریعے بھرتی ہونے والوں کی عمر کی حد 21 سال سے بڑھا کر 23 سال کردی ہے لیکن احتجاج تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ بھارت کی کئی ریاستوں میں مظاہرین نے سرکاری عمارتوں، املاک، بسوں اور ریل گاڑیوں کو آگ لگا دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں مظاہرین نے ریلوے اسٹیشن پر دھاوا بول دیا اور ٹرین کی بوگیوں کو آگ لگا دی جبکہ مشتعل افراد نے کئی گاڑیاں بھی نذر آتش کیں۔مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا اور پتھراؤ سے کئی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔ریاستی حکام نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے باعث 15 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی۔بھارتی ریاستوں تلنگانہ، مغربی بنگال، اتر پردیش، ہریانہ اور مدھیہ پردیش میں بھی مظاہرین نے کئی ٹرینوں کو آگ لگائی اور 100 سے زائد بس اسٹیشنوں پر پتھراؤ کیا۔رپورٹس کے مطابق پرتشدد مظاہروں میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ سیکڑوں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔اْدھر بھارتی ریلوے کے حکام نے مظاہرین کی جانب سے ٹرینوں کو آگ لگانے کے واقعات کے بعد ملک بھر میں ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی اور 350 سے زائد ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔


