کوئٹہ، جعلی ہاؤسنگ سکیم کے متاثرین کو ریکور کی گئی رقم کے چیک حوالے کردیئے گئے
کوئٹہ:ڈائر یکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان فرمان اللہ خان نے غیر قانونی شاہنام ہاوسنگ اسکیم کے متاثرین میں ملزم سے ریکور کیے گئے لاکھوں روپے کے چیک حوالے کر دئیے ہیں۔نیب بلوچستان نے شاہنام ہاوسنگ اسکیم کے مالک سجاد حسین کے خلاف عوام الناس کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم سجاد حسین نے کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ہاوسنگ اسکیم کے نام پر سادہ لوح لوگوں سے ایک بڑی رقم وصول کی، ہاوسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں کے بار بارمطالبہ پر حیلے بہانے سے نہ تو انہیں پلاٹ کی الاٹمنٹ کی گئی اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ بعد ازاں نیب نے تحقیقات مکمل کر کے ملزم کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کروایا اور عدالت کے احکامات پر ملزم کو گرفتار کرنے کی کوششیں شروع کردیں جس پر ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے کیس کو غلط قرار دیتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔بلوچستان ہائیکورٹ نے بھی نیب کی تحقیقات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملزم کو فوری رقم جمع کرانے کی ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں ملزم نے لوٹی گئی تمام رقم پلی بارگین کے زریعے واپسی کی درخواست کی جسے عدالت اور نیب کی طرف سے قبول کرلیا گیا۔ڈائر یکٹر جنرل نیب بلوچستان فرمان اللہ خان نے آج ایک سادہ اور پر وقار تقریب میں مقامی ہاوسنگ اسکیم کے 23 متاثرین میں ملزم سجاد حسین سے ریکور کی گئی لاکھوں روپے کے چیک حوالے کر دئیے۔