افغان زلزلے سے اب تک155بچے جاں بحق، اقوام متحدہ

کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں آنے والے قیامت خیز زلزلے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 155 ہوگئی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے اوچا نے بتایا کہ زلزلے میں 250بچے زخمی بھی ہوئے اور تقریبا 65بچے یتیم ہوگئے، زیادہ تر بچے صوبہ پکتیکا کے گیان ضلع میں جاں بحق ہوئے۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ وہ ان بچوں کو بھی اپنے خاندانوں سے دوبارہ ملانے کے لیے کام رہا ہے جو زلزلے کی وجہ سے ان سے بچھڑ گئے تھے۔ اقوام متحدہ نے ضلع گیان میں بچوں کی ذہنی صحت کے لیے کلینکس بھی کھولے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس وسط اگست میں جب افغانستان میں اقتدار کی منتقلی ہوئی تو بین الاقوامی امداد بھی بند ہو گئی تھی۔ اس پر عالمی برادری نے افغانستان پر پابندیاں بھی عائد کرکے بینکوں سے رقوم کی منتقلی روک دی اور بیرون ملک افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثے منجمد کر دئیے تھے۔عالمی سطح پر ابھی تک موجودہ افغان حکومت کو بھی تسلیم نہیں کیا گیا۔ افغان حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ حکومت میں تمام طبقات کو شامل کریں اور خواتین کی تعلیم و دیگر حقوق کا احترام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں