سوراب میں کسٹم اور ایکسائز کی بھتہ گیری، روزانہ لاکھوں روپے وصولی

سوراب (انتخاب نیوز) حکام بالا کے واضح احکامات کے باوجود سوراب میں کسٹم اور ایکسائز کی بھتہ گیری کا سلسلہ تھم نہ سکا، غیرملکی تیل اور دیگر اشیا اسمگلنگ کرنے والوں سے پرائیویٹ کارندوں کے ذریعے روزانہ لاکھوں روپے بھتے کی مد میں وصول کرکے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے، مگر پوچھنے والا کوئی نہیں۔ سوراب میں تعینات کسٹم اور ایکسائز کے نہ صرف آفیسرز اور اہلکار ناجائز آمدنی سے اربوں روپوں کے اثاثے بناچکے ہیں بلکہ ان کے سول کارندے بھی کروڑوں روپے مالیت کے مکان اور انتہائی مہنگی گاڑیوں کے مالک بنے ہوئے ہیں، نشاندہی کے باوجود نیب سمیت متعلقہ محکموں کے حکام بھی خاموش۔ واضح رہے کہ سوراب میں نہ صرف قومی آرسی ڈی شاہراہ پر کسٹم کی چیک پوسٹ قائم کرکے وہاں بھتے کے عوض اسمگلروں کو بآسانی گزرنے کی اجازت دی جاری ہے بلکہ سوراب میں دیگر مختلف مقامات پر ان کے کارندے کھڑے ہوکر بھتہ وصول کرتے نظر آتے ہیں،اسی طرح پیر حیدر شاہ گدر کے مقام پر ایکسائز کے ناکے پر روزانہ لاکھوں روپے کا بھتہ جمع کیا جارہا ہے، اس کے بدلے میں غیرملکی اشیا اسمگلنگ کی حوصلہ افزائی کرکے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں