اسلام آباد جلسے کی کوریج، پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھگڑا، سی وی پر اسکرین لگانے سے روک دیا
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور پولیس کے درمیان سی ویو پر اسلام آباد کے جلسے کے لیے اسکرین لگانے پر تکرار ہوگئی، پولیس کا کہنا تھا کہ اسکرین لگانے کے لیے ضلعی انتظامیہ یا کنٹونمنٹ بورڈ سے اجازت نہیں لی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سی ویو پر پی ٹی آئی کے جلسے کی لائیو کوریج کے لیے اسکرین لگانے کے لیے پہنچے تاہم پولیس نے اسکرین لگانے سے روک دیا۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور صدر پی ٹی آئی سندھ علی زیدی پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ سی ویو پہنچے جہاں پارٹی رہنماؤں اور پولیس کے درمیان تکرار ہوئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ یا کنٹونمنٹ بورڈ سے اسکرین لگانے کے لیے اجازت نہیں لی۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ تمام متعلقہ حکام کو پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کا کہنا تھا کہ پولیس نے سی ویو پر ساؤنڈ سسٹم لانے والی گاڑی کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے ڈرائیور پر تشدد بھی کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں سے مذاکرات کے بعد پولیس نے اسکرین لگانیکی اجازت دے دی۔


