افغان لویہ جرگے کا اختتام، عالمی برادری سے افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان میں قبائلی عمائدین اور علما پر مشتمل لویہ جرگے نے عالمی برادری سے افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تین روزہ لویہ جرگے کے اختتام پرجاری کیے گئے ایک اعلامیہ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان کے مسائل اور شہریوں کی بہبود کے لیے ناگزیر ہے کہ عالمی برادری ملک میں افغان حکومت کو تسلیم کر لے۔ تین ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل لویہ جرگے میں افغانستان کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوتے ہیں جو ملک کے اہم فیصلوں کے لیے مشاورت کرتے ہیں۔ گزشتہ افغان حکومت میں لویہ جرگہ میں خواتین کو بھی نمائندگی دی جاتی تھی، تاہم اس مرتبہ خواتین کو لویہ جرگہ میں شرکت کی اجاز ت نہیں دی گئی۔ لویہ جرگہ کی 11 نکاتی قرارداد میں افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسلامی مقدس قوانین کے مطابق انصاف، مذہبی اور جدید تعلیم، صحت، زراعت اورصنعتوں کے فروغ سمیت اقلیتوں، بچوں اور خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔ افغان حکومت نے اجتماع کو افغانستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اہم فورم قرار دیا۔ لویہ جرگہ میں افغان حکومت کے سربراہ نے اپنے ایک گھنٹے کے خطاب میں جسے سرکاری ریڈیو سے نشر کیا گیا نے افغانستان میں موجودہ حکومت کو مسلم دنیا کی فتح قرار دیا۔


