بجلی پیدا کرنے کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، احسن اقبال
اسلام آ باد (آئی این پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے منصوبے 10 تا 26 ماہ کی تاخیر کا شکار ہیں۔ پیر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ قوم کو نالائقی اور نااہلی کی سزا یوں ملتی ہے، تقریبا 4,000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے منصوبے 10 تا 26 ماہ کی تاخیر کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ چونکہ گزشتہ پی ٹی آئی حکومت کو اپنا کام کرنے کی بجائے صرف گالی گلوچ کرنے اور سوشل میڈیا پر مخالفین کی کردار کشی کے مہم چلانے سے ہی فرصت نہیں تھی۔ احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سقراط قوم کو یہ بتاتے تھے کہ مسلم لیگ ن بجلی کے زیادہ منصوبے لگا گئی ہے جبکہ اس چارٹ سے صاف ظاہر ہے کہ موسم گرما میں ہمارے سسٹم میں مانگ پوری کرنے کی گنجائش پوری نہیں ہے۔


