پنجگور میں انٹرنیٹ سروس کی بحالی تک احتجاج جاری رکھیں گے، شہری ایکشن کمیٹی
پنجگور (انتخاب نیوز) آئندہ چوبیس گھنٹے کے اندر انٹرنیٹ سروس بحال نہ کی گئی تو سخت احتجاج کرینگے جو عیدالاضحی تک جاری رہیگا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن مکران ڈویژن کے صدر و آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین اشرف ساگر نے اپنے ایک جاری بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دور جدید میں جہاں دنیا چاند پر تمام سہولیات پہنچا رہی ہے اور ہم یہاں انٹرنیٹ، بجلی اور پینے کے پانی جیسے سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے اور بیشتر سے زائد لوگ عید کے موقع پر اپنے پیاروں سے جوکہ بیرون ملک خلیج یا دیگر ممالک میں روزگار کے سلسلے میں یا زیادہ تر حج پر گئے ہوئے ہیں ان سے انٹرنیٹ کے ذریعے عید اور حج کی مبارک باد دیتے ہیں مگر افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ انٹرنیٹ کی سروس بند کرکے لوگوں کو اس سہولت سے محروم کیا گیا ہے۔ لہٰذا ہم مجبور ہوکر احتجاج، مظاہرہ اور دھرنا دینے جارہے ہیں۔ اشرف ساگر نے پنجگور کے تمام غیور عوام، طلبا، تاجر برادری اور دیگر طبقہ فکر کے لوگوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔


