دنیا سے اچھے، مضبوط سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات چاہتے ہیں، سربراہ افغان حکومت
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے امیر المومنین شیخ الحدیث مولوی ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا ہے کہ ہم امریکا سمیت پوری دنیا سے اچھے اور مضبوط سفارتی، اقتصادی اور سیاسی تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کسی بھی قوت کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے دوسرے ممالک کے امن کے لیے خطرہ بنے، دیگر ممالک بھی ہمارے داخلی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت سے باز رہیں۔ عیدالاضحی 2022ء کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تمام مسلمانوں، ہم وطنوں، شہداء کے خاندانوں، بیواؤں اور یتیموں کو عیدالاضحی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی آپ کی قربانی، حج، صدقات، دعائیں اور نیک اعمال اپنی بارگاہ عالیہ میں قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہماری قوم وملت کی تکالیف، مصائب اور پریشانیاں اپنی بارگاہ عالیہ میں قبول فرمائے، جو انہوں نے اپنے وطن کی آزادی اور اسلامی نظام کے قیام کے لیے برداشت کیں۔ انہوں نے کہاکہ الحمد للہ اس بار ہم عیدالاضحی ایسے حالات میں منارہے ہیں جب اللہ کے فضل وکرم سے ہمارا ملک مکمل طورپر آزاد ہوچکا ہے، اسلامی نظام قائم ہوچکا ہے، پوری قوم امن، سکون اور اخوت کی فضا میں سانس لے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بڑی فتح صرف امارت اسلامیہ اور محاذوں کے مجاہدین کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ فتح ہے، جس نے بیس سالہ جہاد کے دور میں جارحیت کے خاتمے کیلئے مجاہدین کے ساتھ مل کر ہر طرح کی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہاکہ امارت اسلامیہ افغانستان ملک میں اسلامی شرعی نظام کے قیام کے ساتھ امن، ترقی اور اس ملک کی تعمیرِنو کے لیے پوری تندہی سے جدوجہد کررہی ہے۔


