کوئٹہ امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ پر مسلح افراد کا فائرنگ

کوئٹہ : بلوچستان امن جرگے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ پرمسلح افراد کی فائرنگ شہر کے امن کو تباہ کرنے کی ناکام کوشش ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گاوزیراعلیٰ بلوچستان،وزیرداخلہ،آئی جی پولیس،آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ فوری نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر واقع بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے اسوقت اندھا دھند فائرنگ کی جب بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی دفتر میں موجود تھے تاہم فائرنگ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوافائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا۔ ترجمان نے کہا کہ جس وقت مسلح افراد نے فائرنگ کی دفتر سے چند فرلانگ کے فاصلے پر پولیس کھڑی تھی لیکن پولیس مسلح افراد کو گرفتار کرنے کی بجائے تماشہ دیکھتی رہی جس سے بہت سے سوالات جنم لے رہے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے ہمیشہ صوبے میں نفرتوں کے خاتمے،بھائی چارے کے فروغ اور قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے بلوچستان امن جرگے کے دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کی کوشش ہے ہم دہشت گردوں پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ترجمان نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،وزیرداخلہ میر ضیاء لانگو،آئی جی پولیس،آئی جی ایف سی اور دیگر اعلیٰ فوری نوٹس لیتے ہوئے فائرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائیں بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سخت احتجاج کی کال دیگاجس کے بعد حالات کی تمام ترذمہ داری پولیس اورانتظامیہ پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں