بلوچستان میں بارشوں سے 20 سے زائد اضلاع متاثر، 5 سو سے زائد ڈیمز بھر گئے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد 500سے زائد چھوٹے بڑے ڈیمز میں اکثریت بھر گئے، صوبے بھر کے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی سطح 10 لاکھ 63 ہزار 784 ایکڑ فٹ کے مقابلے میں 12 لاکھ 8ہزار 872 ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی، بارشوں سے اب تک 20سے زائد اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی نے وزیراعلیٰ کے حکم پر 34 اضلاع میں 503 بڑے اور چھوٹے ڈیموں کا سروے کیا، سروے میں پتا چلا کہ ان 503 ڈیموں میں سے زیادہ تر مکمل طور پر بھر چکے ہیں، ان بھرنے والے ڈیموں میں حب، میرانی، انقرہ کر، شادی کر اور سبکزئی ڈیمز شامل ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ بارشوں کے بعد صوبے بھر کے ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی سطح 10 لاکھ 63 ہزار 784 ایکڑ فٹ کے مقابلے میں 12 لاکھ 8ہزار 872 ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی۔پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کے مطابق 13 جون سے 30 جون تک پری مون اور 3 جولائی سے شروع ہونے والی اور اب تک جاری مون سون بارشوں سے بلوچستان کے 20 سے زائد اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 69 افراد ہلاک اور ہزاروں متاثر ہوئے ہیں۔ ایک ہزار سے زائد گھر، رابطہ سڑکیں اور متعدد پل بھی تباہ ہوگئے ہیں جبکہ بڑے پیمانے پر کھڑی فصلوں اور زراعت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ ان نقصانات کا ازالہ صوبائی حکومت کے بس کی بات نہیں، وفاق مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان کے عوام کا ساتھ دے ان کا کہنا تھا ہے کہ بلوچستان کو 30 ہزار خیموں کی ضرورت ہے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صرف 300 خیمے دیے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں