محکمہ صحت خضدار کی تعیناتیوں میں میرٹ کو پامال کیا گیا، نیشنل پارٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان و نیشنل پارٹی خضدار کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں عملی طور پر حکومت ہی نہیں۔ وزیراعلیٰ اور وزیروں کا قلمدان صرف پوسٹنگ ٹرانسفر، نوکریوں میں اقربا پروری اور خرید و فروخت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ محکمہ صحت خضدار کی تعیناتیوں میں مبینہ طور پر ایک ہی خاندان کو نوازیا گیا۔ ڈی ایچ او پر اپنے منظور نظر افراد کو ملازمتیں فراہم کرنا سوالیہ نشان ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں بے روزگاری کی شرح بہت زیادہ ہے، جس میں تعلیم یافتہ نوجوانوں سمیت لاکھوں نوجوان روزگار کے متلاشی رہتے ہیں۔ ایسے میں چند پوسٹوں کو سرکار کی طرف سے اشتہار کیا جاتا ہے لیکن حکومت و ادارے میرٹ کو پامال کرتے ہوئے حق دار نوجوانوں کی حق تلفی کرتے ہیں اور پوسٹوں کو خرید وفروخت و اقربا پروری کی بھینٹ چڑھاتے ہیں جو مکمل طور پر قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ محکمہ صحت خضدار کی تعیناتیوں میں میرٹ و شفافیت کو پامال کیا گیا۔ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ محکمہ کا آفیسر صرف اپنے رشتےداروں کو نوازے۔ حالیہ تعیناتیوںسے نوجوان مایوسی کا شکار ہیں، اس لیے ان بھرتیوں کی تحقیقات ہونا چاہیے۔


