عمران کا کوئی مطالبہ نہیں مانا جائے گا، قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، حکمران اتحاد

لاہور (انتخاب نیوز) حکمران اتحاد پی ڈی ایم ڈٹ گیا، سربراہی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی، عمران کا کوئی مطالبہ نہیں مانا جائے گا، عمرانی طوفان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اسکے آگے بند باندھا جائے گا، پنجاب میں وزیر اعلیٰ حمزہ کو بچانے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ تفصیل کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت منگل کو پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں تمام جماعتو ں نے پارلیمنٹ کی آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد آئندہ سال ملک میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔انتخابات عمران خان کے دبا ؤ پر نہیں اتحادیوں کے فیصلے پر ہوں گے،عمران خان کے جھوٹ اور انتشار پھیلانے کے بیانیے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔حمزہ شہباز بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے سے مستعفی نہیں ہونگے۔تمام اتحادی ملکر وزیر اعلیٰ پنجاب کا الیکشن لڑیں گے۔عمران خان کے خلاف گھیرا تنگ کیاجائے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب کے انتخابات کسی کی مقبولیت اور غیر مقبولیت کا تعین نہیں کر رہے، یہ صرف20 نشستوں پر الیکشن تھا پی ٹی آئی نے اپنی پانچ نشستیں کھو دیں،اس میں ہمارے ووٹ بڑھے ہیں۔ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے 2018ء سے زیادہ ووٹ لیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ، فتنوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، عمران خان سازش کے ذریعے اقتدار تک پہنچا، ان کی وجہ سے پاکستان معاشی بحران کا شکار ہوا۔سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ایک گمراہ آدمی ہے، ہماری قیادت نے ملک کی خاطر قربانیاں دیں،جیلیں کاٹیں،شام تک دھاندلی کا شور مچاتے رہے،رزلٹ آنا شروع ہوگیا تو خاموش ہوگئے۔سعد رفیق نے بتایا کہ اجلاس میں ضمنی انتخابات کے بعد کی سیاسی صورت حال کے پیش نظر مسلم لیگ ن کی پنجاب میں حکومت برقرار رکھنے کے لیے آئینی و قانونی آپشنز پر غور کیاگیا۔ اس موقع پر لیگی رہنما نے پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم کے حوالے سے شرکا کو بریفنگ بھی دی جب کہ 22 جولائی کو قائد ایوان کے دوبارہ انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے اتحادی جماعتوں کے قائدین کو ملک میں قبل از وقت انتخابات نہ کروانے کے حوالے سے اپنی اپنی پارٹیوں کی سینئر قیادت کی تجاویز پیش کیں گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ عمران خان کے اداروں کے خلاف بیانیے کے توڑ کے لیے نیا حکومتی بیانیہ جلد سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سازش کے تحت اقتدار میں آیا اور آج جمہوریت کا چیمپئن بنا ہوا ہے، یہ بچہ جمہورا تھا جس کی وجہ سے ملکی معیشت دیوالیہ ہوگئیں مگر ہم ساری جمہوری جماعتیں مل کر اس طوفان کو نہ صرف قابو کریں گے بلکہ اس کو باندھ دیں گے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں عدالتیں ہمارے لیے سوئی ہوئیں تھیں اور پھر ریٹائر ہونے کے بعد وہ نجی محافل میں ہم سے معافیاں مانگتے تھے، ابھی میں کسی کا نام نہیں لے رہا تاہم اگر ضرورت پڑی تو پھر نام بھی لیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کوئی بھی جماعت ہو جمہوریت پر شب خون مارنا نہیں چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نیب کے پرانے قانون کی حمایت کرنے والے وہی لوگ ہیں جنہوں نے جمہوریت پسندوں کے خلاف سازشیں کیں، آج نیب کیوں بلین ٹری، بی آر ٹی کی تحقیقات شروع نہیں کررہا اور الیکشن کمیشن کیوں غیرملکی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ نہیں سْنا رہا۔’عمران خان کے سوشل میڈیا پر خرچ کیے جانے والے پیسے کی تحقیقات کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں