افغانستان،مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے 7افغان شہری جاں بحق،14 زخمی

کابل:افغانستان کے شمال مغربی صوبہ غور میں مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے کم از کم 7 افغان شہری جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہاں افغان اور غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتہ کے روز تین سو سے زائد مقامی افغان شہری صوبائی گورنر کے دفتر کے سامنے امداد کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم پر احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ پولیس نے اس وقت مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جب مشتعل مظاہرین نے گورنر کے دفتر پر پتھرا کرنا شروع کردیا اور گورنر کے دفتر پر دھاوا بول کر اندر جانے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین اور رکن صوبائی کونسل کے مطابق ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 7 افغان شہری جاں بحق اور 14 دیگر زخمی ہوگئے تاہم صوبائی گورنر کے ترجمان عارف نے 2 شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں