یمن میں مختلف مقامات پر جھڑپیں،حوثیوں کے چھ کمانڈر،25جنگجوہلاک

صنعاء:یمن میں صرواح کے محاذ اور دیگر مقامات پر سرکاری فوج کے ساتھ لڑائی میں چھ کمانڈروں سمیت 25باغی ہلاک اور متعددزخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں تازہ لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے حوثی جنگجوؤں میں کئی فیلڈ کمانڈر بھی شامل ہیں۔ صرواح کے محاذ پر حوثیوں کا باردوی سرنگوں کا ماہر ابو عبداللہ الشاوش، بحرہ کے علاقے میں ابو علی القاضی، نھم میں ابو ھاشم الحمزی اور الجوف میں ابو مالک الحمزی نامی کمانڈر ہلاک ہوگئے۔یمن سے ملنے والے فیلڈ ذرائع کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے چھ فیلڈ کمانڈر اور 25 دوسرے جنگجو ہلاک ہوئے۔ عمران گورنری میں ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی شناخت خلیل الغربانی، نجیب الغیلی، کامل الفہد، محمد شلاشل، محمد البوطری اور حمود صباح کے ناموں سے کی گئی ہے۔خیال رہے کہ یمن میں آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے کے لیے قائم کردہ عرب عسکری اتحاد نے جنگ بندی کا اعلان کر رکھا ہے مگر حوثی باغیوں کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔حوثیوں کی طرف سے صرواح، صنعا، الجوف، البیضاء اور دیگر شہروں میں جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر عرب اتحادی فوج اور یمنی فوج کی جوابی کارروائی میں دسیوں حوثی باغی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں