بارشوں سے جانی و مالی نقصان پردل رنجیدہ ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر جلد از جلد قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بارشوں سے سے جانی و مالی نقصان پردل رنجیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال سے عوام کو بہت زیادہ جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی حکومت عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔صوبائی دارالحکومت سمیت اندرونہ صوبہ بارشوں اور آنے والے سیلابی ریلوں سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہونے کے ساتھ ساتھ مال مویشی بھی پانی میں بہہ گئے ہیں۔ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں جبکہ انفرا سٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف اور امدادفراہم کرنے کے لئے ہنگامی طور پر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ عوام کی مشکلات اور مسائل کا تدارک کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ان کی ٹیم دن رات متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام حکومتی مشنری اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔سینیٹر ثمینہ زہری نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ حکومتی اداروں اور پاک فوج کے ساتھ ساتھ وہ بھی اپنی استطاعت کے مطابق اپنے اپنے علاقوں میں متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیں ریسکیو اور بحالی کے کام میں تیزی لائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورمتاثرین کو فوری امداد اور بحالی کی یقین دہانی کرائی ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ ہماری تمام تر توجہ اس وقت متاثرین کو جلد از جلد ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔اس کے ساتھ ساتھ حکومت قیمتی جانوں فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور تجزیہ کے بعد ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتا ز زہری نے کہا کہ تباہ شدہ مواصلاتی رابطوں کو جنگی بنیادوں پر بحال کیا جارہا ہے اور متاثرین کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ بلوچستان میں بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں جلد از جلد ریسکیو اور بحالی کے کام کو تیز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے ضلعی انتظایہ اور دیگر ادارے ریسکیو اور متاثرین کی داد رسی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اور نیوی کے دستے بھی متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد کر رہے ہیں جو قابل ستائش بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں جبکہ متاثرہ آبادی کو غذا اور طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔سینیٹر ثمینہ زہری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ لسبیلہ سمیت کئی اضلاع میں صورتحال خطرناک حدک تک خراب ہے اور لوگ سخت جانی و مالی نقصان سے دوچار ہوئے ہیں۔ پورے کے پورے گاؤں سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں ہزاروں افراد بے گھر اور سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی جلد از جلد بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالہ کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں مواصلاتی رابطوں کو جنگی بنیادوں پر بحالی کیا جارہا ہے اور متاثرہ پلوں اور سڑکوں کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائی جارہی ہے۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ ساتھ پاک فوج اور ایف سی کی متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں باعث تقویت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے ایسی قدرتی آفات سے سے نمٹنے کے لئے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی جس کا خمیازہ ہماری عوام بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں بی اے پی کی حکومت وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں ضروری منصوبہ بندی کے لئے مثبت پیش رفت جلد کرے گی تاکہ مستقبل میں ایسے حالات و قدرتی آفات اور جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں