حکمران سے امید نہیں ، بلوچ بھائی سیلاب زدگان کی مدد کریں، ڈاکٹر مالک

گوادر (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچ کو بلوچستان سے کوئی بھی طاقت الگ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا اسلام آباد کو صرف بلوچستان کے وسائل سے کام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں منعقدہ شمولیتی پروگرام سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔واضح رہے کہ ضلع گوادر کی اہم سیاسی اور سماجی شخصیت ہوت عبدالغفور اپنے خاندان، رفقائے کار اور ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شامل ہوگئے۔ شمولیتی تقریب ہوت عبدالغفور کی رہائش گاہ میں منعقد کی گئی تھی۔ پروقار شمولیتی تقریب کے دوران ہوت عبدالغفور نے نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب ہیں نوجوانوں کو متحرک کرنا ہوگا۔ جدوجہد ہی واحد ایک راستہ ہے ہم جمہوری لوگ ہیں جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ گوادر ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں چلا گیا ہے جو گوادر کو لوٹتے رہے ہیں ماہیگیر پریشان حال ہیں مزدور بے روزگار ہیں بارڈر بند کاروبار بند لوگوں کو نان شبینہ کا محتاج بنایا گیا ہے۔ اسلام اباد کے حکمرانوں کو بلوچستان کے وسائل سے غرض ہے۔ بلوچ اور بلوچستان کبھی جدا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکز کواپنا مائینڈ سٹ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گوادر میں بسنے والے لوگوں کے آباو اجداد نے قربانیاں دی ہیں۔ ہم ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اج بلوچستان سیلاب میں ڈوبا ہے لیکن یہ واحد صوبہ ہے کہ وزیر اعلی اور وزیراعظم الگ الگ سیلاب زدگان کا فضائی دورہ کر رہے ہیں۔ سیلاب زندگان امداد کی راہ دیکھ رہے ہیں۔لیکن حکومت سے امداد کی امید نہیں رکھتے ہمیں اور آپ کو اپنے بھائیوں کی اس مصیبت کی گھڑی میں ان کی بھر پور مدد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت تھی تو ہم نے جھاو اور کولواہ کے زلزلہ دگان کے لیے ہزاروں مضبوط زلزلہ فروف گھر بنا کر دئیے۔ اب تک سیلاب زدگان کو ایک ٹینٹ بھی نہ مل سکا۔ پارٹی ورکروں کو چائیے کہ وہ دیہاتوں میں جائیں سیلاب سے متاثرین کی امداد کریں۔ اب بلوچ قوم کے تشخص کو بچانا ہے۔ گوادر اور بلوچستان کے زمینوں اس کے ساحل و وسائل، اس کے معدنی دولت اس کے بارڈر ٹریڈ کو بچانا ہے۔ تقریب کے نظامت کے فرائض نیشنل پارٹی کے تحصیل صدر ناگمان بلوچ نے اداکئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں