پولیس مقابلوں میں 4 زخمیوں سمیت 6 ملزمان گرفتار، اسلحہ، لوٹا گیا مال برآمد کرلیا گیا

کراچی (انتخاب نیوز) شہر میں پولیس نے مقابلوں کے دوران 4 زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، مسروقہ مال برآمد کرلیا۔ واقعات کے مطابق سائٹ سپرہائی وے تھانے کی حدود معمار موڑ کے قریب ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے 40سالہ محمد سعید عباس ولد سید محمد نقوی کو زخمی کردیا، اطلاع ملتےہی پولیس نے پہنچ کر دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد حماد نامی زخمی ملزم کوساتھی اسرار ولد نثار سمیت گرفتار کرکے اسلحہ اور لوٹی گئی رقم برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی نمبر 6 تسلیم گراؤنڈ کے قریب پولیس مقابلے کے دوران زخمی ریحان اور سلمان کو تیسرے ساتھی ایاز سمیت گرفتار کرکے اسلحہ، موٹرسائیکل، تین مسروقہ موبائل فون اور نقدی برآمد کرلی، زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ کلفٹن کے علاقے بلاک ون شیرین جناح کالونی چائنہ پورٹ کے قریب پولیس مقابلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جسے جناح اسپتال منتقل کیاگیا، ملزم کی شناخت 18سالہ اسد ولد یار خان کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ لوٹ مارکررہا تھا، فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں