مولانا نصیب مینگل کی جانب سے بیلہ کے سیلاب متاثرین میں امدادی سامان، نقد رقم تقسیم
کراچی (انتخاب نیوز) بلوچستان ضلع لسبیلہ میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے جامعہ منبع العلوم کراچی کے مہتمم مولانا نصیب مینگل کی جانب سے امدادی سامان کی تیسری کھیپ پہنچادی گئی، امدادی سامان بیلہ شہر اور بڑا باغ کے علاقوں میں تقسیم کیا گیا،متاثرین کی مالی مدد بھی کی گئی، بیلا شہر کے معززین نے مولانا نصیب مینگل کی جانب سے سیلاب متاثرین کی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ مولانا نصیب مینگل نے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے بعد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو خیمے فراہم کیے جائیں گے، 9 محرم کو امدادی اشیاء کی چوتھی کھیپ بھی پہنچا دی جائے گی، مولانا نصیب مینگل کا کہنا تھا کہ ہم قدرتی آفات سے مقابلہ نہیں کرسکتے البتہ آفات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں اپنے مسلمان بھائیوں کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتے، عوام کثرت سے توبہ استغفار کرے تاکہ اللہ رحم فرمائے، مولانا نصیب مینگل نے امدادی سامان کی تقسیم کے بعد پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔