دکی میں بھی ہیضے کی وبا بے قابو، سیکڑوں مریض ہسپتالوں میں داخل

دکی (انتخاب نیوز) ضلع بھر میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ہیضے کی وبا پھیل چکی ہے جسکے باعث روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریض سول ہسپتال اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کی غرض سے پہنچ رہے ہیں۔ لیکن بارہا سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہونے کے بعد بھی نہ ہی بلوچستان حکومت اور نہ ہی محکمہ صحت یا صحت پر کام کرنیوالے این جی اوز کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات کئے گئے ہیں جبکہ یہ وبا اب شدت اختیار کرچکی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریض سول ہسپتال سمیت پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کیلئے ڈاکٹرز کے پاس پہنچ رہے ہیں۔ دور دراز کے علاقوں جھالار، خالہ شہر، یاروشہر، لونی، تھل،بنی کوٹ، نانا صاحب زیارت اور رباط سمیت دیگر علاقوں میں صحت کی سہولیات نہ ہونے کیوجہ سے جانی نقصانات کا خدشہ ہے۔ وبا سے زیادہ تر بچے متاثر ہورہے ہیں اور ایک خطرناک حد تک تیزی سے وبا پھیل رہی ہے۔ جبکہ دوسری جانب سول ہسپتال سمیت سرکاری ہسپتالوں اور بی ایچ یوز میں سہولیات اور ادویات کا فقدان ہے اور اکثر بی ایچ یوز بند پڑے ہیں۔ جو بی ایچ یوز کھلے ہیں ان میں مریضوں کیلئے ادویات موجود نہیں ہیں۔ جبکہ سول ہسپتال سمیت اکثر بی ایچ یوز میں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلی بلوچستان اور سیکرٹری صحت سے اپیل کی ہے کہ ضلع بھر کیلئے ماہر ڈاکٹرز کی ٹیمیں اور ادویات فوری طور روانہ کردیں تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو اور اس خطرناک وبا پر قابو پایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں