ورکرز مایوس ہیں، بی این پی کو وفاق اور قدوس بزنجو کی حمایت چھوڑ دینا چاہیے، پرنس موسیٰ جان

قلات (انتخاب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کا وفاق سے اتحاد اور بلوچستان صوبے میں قدوس بزنجو کے ساتھ جو الائنس ہے اس کو بی این پی فوراً سے پیشتر ختم کرکے اس پر نظر ثانی کرے کیونکہ مجھے یہ لگ رہا ہے کہ چند پارلیمانی دوستوں کی خواہش کے مطابق ہم بی این پی کو قربان نہیں کرسکتے، ہمیں وفاق اور قدوس بزنجو کی حمایت چھوڑ دینا چاہیئے ورنہ نقصان اتنا بڑا ہوگا کہ پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ بی این پی کے مرکزی نائب صدر پرنس آغا موسیٰ جان احمد زئی بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہا تو وفاق میں شہباز شریف کی دوستی اور صوبے میں قدوس بزنجو کی دوستی بی این پی کو اس طرح بہا کر لے جائے گی جس طرح حب ندی کے پل کو سیلابی ریلا بہا کر لے گیا۔ ہم پارٹی کو چند پارلیمانی دوستوں پر قربان نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ورکرز انتہائی مایوس ہیں، اپنے قائد سردار عطا اللہ خان مینگل جن کی ہم چند دن بعد برسی منانے جارہے ہیں ان کی 70 سال کی قربانیاں اور اختر جان مینگل کی قربانیوں کو ہم چند لوگوں کی خواہش پر قربان نہیں کرسکتے، میں یہ اپیل کرتا ہوں اپنے پارٹی کے ذمہ دار دوستوں سے کہ ورکرز انتہائی مایوس ہیں اس پر نظر ثانی کرکے فوراً سے پیشتر ہمیں وفاق اور قدوس بزنجو کی حمایت چھوڑ دینا چاہیے ورنہ نقصان اتنا بڑا ہوگا کہ پھر پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں