جمہوریت کے استحکام اور مارشل لاء کیخلاف حاصل بزنجو کا کلیدی کردار رہا، ڈاکٹر مالک
کراچی، کوئٹہ(انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے میر جمہوریت میر حاصل خان کی دوسری برسی کے حوالے سے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کھاکہ میر حاصل خان ایک بہت بڑے قومی لیڈر تھے۔ انہوں نے بلوچستان اور پاکستان کی سیاسی و قومی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا وہ بے لوث جدوجہد کرنے والے انسان تھے انھوں نے پوری زندگی مفلوک الحال عوام کے معاشی و سیاسی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں دیا۔ ملک میں جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی میں ان کا کردار و رول نمایاں رہا ہے وہ جمہوری تحریک میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے سیاسی کرداروں میں شمار ہوتے ہیں ضیا الحق کے مارشل لا اور مشرف مارشل لا کے خلاف انھوں نے بھرپور جدوجہد کی۔ ملک میں جمہوریت کے استحکام، پارلیمنٹ کی بالادستی اور انتخابی عمل میں اداروں کی مداخلت کے خلاف مستحکم اور مضبوط آواز تھے انھوں نے ملک میں صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد اور ریاستی اداروں کی مداخلت کے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز کو ایک ساتھ ملانے میں میر حاصل اور مولانا فضل الرحمن نے اہم کردار ادا کیا۔


