صومالیہ، موغا دیشو میں مسلح افراد کا ہوٹل پر حملہ، 8 افراد ہلاک

موگا دیشو (مانیٹرنگ ڈیسک) صومالیہ کے دارالحکومت موغا دیشو میں مسلح حملہ آوروں نے ایک ہوٹل پر حملے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے ہوٹل میں داخل ہونے سے قبل ہوٹل کے باہر دو کار بم دھماکے کیے اور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوگئے جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں 8 تک پہنچ گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے تاحال کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔صومالیہ کے سیکورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے بارود سے بھری ہوئی 2 گاڑیوں کے ذریعے پہلے موغا دیشو کے ہوٹل حیات کے باہر دھماکے کئے گئے۔ ایک گاڑی ہوٹل کے راستے پر کھڑی کی گئی، رکاوٹوں سے ٹکرا گئی جبکہ دوسری گاڑی ہوٹل کے دروازے سے ٹکرائی گئی جس کے بعد حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے ہوٹل میں داخل ہوئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق القاعدہ کے ذیلی گروہ الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ واضح رہے کہ حیات ہوٹل صومالیہ میں اعلیٰ سیاسی اور حکومتی شخصیات کے لئے ایک پسندیدہ جگہ سمجھی جاتی ہے جبکہ الشباب کے اراکین کی جانب سے 2020ء میں موغا دیشو ہی کے ایک اور ہوٹل پر حملے کے دوران 16 افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں