بلوچستان میں بارشوں کی سے مزید 9 افراد جاں بحق، تعداد 225 ہوگئی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری مزید9افراد جاں بحق اموات کی تعداد 225ہوگئی،صوبے کا دیگر صوبوں سے زمینی رابطہ منقطع، ریلوے اور فضائی سروسز بھی متاثر رہیں، محکمہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اتوار کو رواں ماہ کے دوران سیلاب اور بارشوں کے باعث مزید 9اموات کی تصدیق ہوئی ہے 2اگست سے 21اگست کے دوران خضدار اور کوئٹہ میں چار، چارجبکہ قلعہ عبداللہ میں ایک اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ ژوب میں اتوار کو دو بچے زخمی ہوئے رپورٹ کے مطابق صوبے میں اب تک ہونے والی اموات کی تعداد بڑھ کر 225جبکہ زخمیوں کی تعداد 95ہوگئی ہے صوبے میں ابتک 26ہزار 567مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔دوسری جانب اتوار کو صوبے میں شدید بارشوں کے باعث ژوب تا ڈیرہ اسماعیل خان، بارکھان تا ڈیرہ غازی خان، لسبیلہ تا کراچی شاہراہیں مکمل طور پر جبکہ کوئٹہ سبی شاہراہ جزوی طور پر بند رہی اسی طرح سیلابی صورتحال کے باعث کوئٹہ سے اندرون ملک جانے والی جعفر ایکسپریس بھی منسوخ کردی گئی ساتھ ہی کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی روک دیا گیا کوئٹہ میں بارش کے باعث جہازوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔اتوار کو شیرانی، نوشکی، جعفر آباد، نصیر آباد، لورالائی،مستونگ، خضدار، پشین، دکی،لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور لوگوں نے اپنی مدد آپ تک تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا عمل شروع کردیا۔


