سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بارشوں سیلابی ریلوں اور طغیانی سے بلوچستان میں وسیع پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں حکومت متاثرین کی فوری امداد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، سیلا ب سے متاثرہ علاقوں میں سول انتظامیہ، فوج، لیویز اور ایف سی عوام کی مدد کے لئے موجود ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو قائم مقام گورنر میر جان محمد خان جمالی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبے میں سیلاب کی صورتحال نقصانات اور امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملا قات میں اتفاق کیا گیا کہ حالیہ شدید بارشوں سے پیدا صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنا ایک بڑا امتحان ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبائی حکومت نے موجودہ صورتحال کو ایک چیلنج کے طور پر لیا ہے، مختلف اضلاع میں دریاؤں اور ندی نالوں سے ہزاروں کیوسک پانی گزر رہا ہے صوبائی حکومت متاثرین کی مدد، نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کوئٹہ اور دیگر علاقوں میں ٹیلیفون، گیس اور بجلی کی بحالی کے لئے صوبائی حکومت متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔ متعلقہ اداروں سے ٹیلیفون، گیس اور بجلی کی جلد از جلد بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا کہا گیا ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ انتظامیہ کو بھی متعلقہ اداروں کو معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی کا فنڈ قائم کر دیا ہے، امید ہے کہ بین الاقوامی ادارے، رضا کار تنظیمیں اور مخیر حضرات متاثرین کی فراخدلانہ مدد کریں گے۔


