حکومت بلو چستان کی طرف سے سیلاب متاثرین کے فنڈزمیں بدعنوانی لمحہ فکریہ ہے ،جماعت اسلامی بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نائب امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہاکہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب نے61سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔ سیلابی صورتحال انتہائی ہولناک ہے،ہر طرف دل دہلادینے والے مناظر ہیں۔ لوگوںکا بہت بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، ہر طرف تباہی ہی تباہی ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوںنے عوام کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔حکومت وبحالی کے اداروں کی طرف سے سیلاب متاثرین کے فنڈزمیں بدعنوانی لمحہ فکریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ صوت القرآن نواں کلی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہاکہ کتنے شرم کی بات ہے کہ لوگ مرررہے ہیں اور حکومت اور اپوزیشن دونوں ہی اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ آج بلوچستان میں دیانت داری وایمانداری سے ڈیمز بنتے تو سیلاب سے اتنا بڑا جانی و مالی نقصان نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریاں بہت زیادہ ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی ،الخدمت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ہمارے ہزاروں کارکن اور الخدمت کے رضاکار شب روز ا مدادی سر گرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مجموعی طور پر 900ارب روپے کا نقصان اورایک ہزارسے زائدفراد جان بحق ہوچکے ہیں۔ عوام بے یارو مددگار ، کھلے آسمان تلے اپنی تمام عمر کی جمع پونجی تباہ و برباد ہوتے دیکھنے پر مجبور ہیں۔ سیلاب انسانی المیہ ہے اس سے نبٹنے کے لیے پوری قوم کو یکجا ہونا ہوگا۔ اس وقت سیاسی قیادت کو تمام تر اختلافات بھلا کر سیلاب متاثرین کے پاس ہونا چاہئے ۔ ملک میں قیامت صغری کا منظر ہے۔ قوم کو اس وقت تقسیم کرنے والے اور سیاست چمکانے والے بے حس ہیں۔ ان ظالموں سے خیر کی کوئی امید نہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں