صوبائی حکومت محکمہ تعلیم میں فزیو تھراپسٹ کی اسامیاں تخلیق کرے، پی ایس او
کوئٹہ (انتخاب نیوز) پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے آرگنائزنگ کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت محکمہ تعلیم میں فزیو تھراپسٹ کی اسامیاں تخلیق کرے کیونکہ ہر سال سینکڑوں طالب علم یونیورسٹی سے فزیو تھراپسٹ کی ڈگریاں حاصل کرتے ہیں لیکن پھر نہ ہی حکومتی سطح پر ڈگری حاصل کرنیوالے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور نہ ہی انہیں روزگار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں فزیو تھراپی کی ڈگری حاصل کرنیوالے طالب علموں، نوجوانوں میں انتہائی مایوسی پائی جاتی ہے کیونکہ فزیو تھراپی صحت عامہ کا ایک اہم جز ہے جس کے ذریعے مختلف امراض کا مطمئن بخش علاج بنا کسی دوائی اور جراحی کے کیا جاتا ہے۔ فزیو تھراپی کی اہمیت روز بروز بڑھ رہی ہے لیکن حکومتی سطح پر اب تک ان کا سروس اسٹرکچر موجود نہیں، جسے ضلعی سطح تک وسعت دینا ضروری ہے، جس سے ایک جانب عوام کو آپریشن کے بغیر علاج معالجے کی سہولت میسر ہوجائے گی اور دوسری جانب اس شعبے سے تعلق رکھنے والے طالب علموں کو روزگار میسر ہوگی۔


