عمران خان نے ٹیلی تھون مہم میں5 ارب سے زائدرقم اکٹھا کرلی

اسلام آباد (انتخاب نیوز)عمران خان کے ٹیلی تھون سیشن میں سیلاب متاثرین کیلئے 5 ارب سے زائد رقم اکٹھی ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سیلاب زدگان کے لیے ٹیلی تھون سیشن میں کہا کہ پاکستان کیلئے اس وقت سب سے مشکل وقت ہے، سیلاب سے اس وقت پورا ملک متاثر ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ سیلاب سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ۔عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا پاکستان ملکر اس امتحان کا سامنا کرے۔چیئرمین تحریک انصاف نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بلین ٹری سونامی شروع کیا تھا جو پاکستان کیلئے بہت ضروری ہے، ایسے ہی ہمارے دور میں 10بڑے ڈیمز کی تعمیر شروع کردی گئی تھی ڈیمز کے ذریعے ہم سیلاب کی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ثانیہ نشتر کو فلڈ ریلیف فنڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جو بھی فنڈز ملیں گے اسے ثانیہ نشتر کی سربراہی میں خرچ کیا جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پوری قوم سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے، پوری قوم ملکر سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی۔عمران خان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بہت سارے لوگ مدد کرنا چاہتے ہیں،آج کوشش ہے کہ سیلاب زدگان کیلئے سب مدد کرینگے، ٹیلی تھون سے ملنے والی رقم پورے ملک میں خرچ کی جائے گی۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ میں نے پاکستان میں سب سے زیادہ فنڈ ریزنگ کی ہے، پچھلے 30 سال سے میں فنڈ ریزنگ کر رہا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کیلئے وہ اشیا لیں جن کی انہیں اس وقت ضرورت ہے، نقد رقم کو سنبھالنا بہت مشکل کام ہوتا ہے، نوجوان ہماری ٹائیگر فورس کا حصہ بنیں،حکومت کے پاس اتنے لوگ نہیں ہیں کہ وہ سب کو مدد فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں