بلوچستان میں شاہراہیں بحال ہیں، ریلوے ٹریک اور گیس کی بحالی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام ہورہا ہے، کور کمانڈر

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کی زیر صدارت فلڈ ریلیف کوآرڈینیشن کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی اب تک کی کوششوں کا جائزہ لینے کے بعد مشترکہ اقدامات کے لیے درج ذیل فیصلے کیے گئے اگرچہ بلوچستان بھر میں بعد ازاں بحالی کی منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ ریسکیو اور ریلیف کی کوششیں جاری ہیں، چھ شدید متاثرہ اضلاع یعنی نصیر آباد، جعفرآباد، صحبت پور، کچی، لہری اور جھل مگسی میں ریسکیو اور ریلیف کے لیے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ ان اضلاع میں پہلے سے ناقابل رسائی علاقوں کے متاثرین تک فوری طور پر پہنچا جائے گا۔ ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا گیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے ان علاقوں میں اگلے 7 دنوں کے لیے ضروری ریسکیو،ریلیف کی کوششوں کے لیے ہم آہنگی کی گئی ان بری طرح متاثر اضلاع میں خیمہ کیمپ قائم کیے جائیں گے اور ان کیمپوں میں تمام بے گھر افراد کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ بہتر دیکھ بھال کے لیے اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ علاقہ میں تعینات ضلعی انتظامیہ اور آرمی/ایف سی اپنے آفس خیمہ کیمپ کے اندر ہی قائم کریں گے۔ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ان خیمہ کیمپوں میں خوراک اور طبی سامان مطلوبہ مقدار میں میسر ہے اور کسی بھی قسم کی کمی سے بچنے کے لیے مزید ذخیرہ کیا گیا ہے باقی اضلاع کے لیے امدادی سامان کی فراہمی اور بروقت بحالی کے لیے نقصان کے تخمینے کے لیے مشترکہ سروے جاری رہے گا۔چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے بتایا کہ N65 کے علاوہ تقریباً تمام اہم شاہرائیں بحال کر دی گئی ہیں اور اگلے سات دنوں میں تمام سڑکوں کا رابطہ مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین این ایچ اے نے بین الصوبائی سڑکوں کے روابط کے لیے اپنے محکمے کی خدمات بھی پیش کیں۔ کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے اس سلسلے میں پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی ایس ریلوے کوئٹہ نے بتایا کہ ریلوے اور این ایل سی کی ایک اعلیٰ سطحی تکنیکی ٹیم کوئٹہ سبی ریلوے ٹریک کی بحالی اور مچھ ریلوے پل کی تعمیر نو کے لیے کوششوں کا جائزہ لینے کے لیے مچھ کا دورہ کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ ریلوے بلوچستان میں ریلوے سروسز کی بحالی کے لیے فوری طور پر مختصر مدت کے حل پر غور کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں کوئٹہ سے مچھ تک بذریعہ سڑک مسافروں کے لیے شٹل سروس کے آپشن پر بھی غور کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو نے فورم کو کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر حصوں میں بجلی کی مکمل بحالی کی ٹائم لائن سے آگاہ کیا۔ کیسکو کے سی ای او بجلی کی تیزی سے بحالی کے لیے فوج کی طرف سے فراہم کردہ ہیلی کاپٹر پر ناقابل رسائی/ دور دراز کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔کوئٹہ کو گیس کی فراہمی میں خلل کے پس منظر میں، فورم کو آگاہ کیا گیا کہ SSGC کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر حصوں کو گیس کی سپلائی کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ تکنیکی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور بی بی نانی کے قریب 12 انچ اور 24 انچ دونوں پائپ لائنوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔ فوج اس سلسلے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر حصوں میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی بحالی کے لیے کمانڈر نے فورم کو آگاہ کیا کہ فائبر کی جلد از جلد مرمت کے لیے پی ٹی اے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آخر میں کمانڈر نے تمام اداروں کے ٹیم ورک اور انتھک کوششوں پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں