ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے پانے کی خبروں میں صداقت نہیں، امریکا
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ طے پاگیا ہے، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کے ساتھ مذاکرات کی حیثیت برقرار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اشارہ دیا کہ امریکا نے مجوزہ یورپی متن کا جواب بھیجا ہے اور اس وقت گیند واشنگٹن کے کورٹ میں نہیں ہے۔ ایران کے بین الاقوامی چینل نے ایران کی اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے ترجمان بہروز کمال وندی کے حوالے سے کہا تھا کہ ایران سے (بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی) کے مطالبات حد سے زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغربی ممالک پابندیاں منسوخ کرتے ہیں اور اپنے وعدوں پر واپس چلے جاتے ہیں، تو تہران بھی ان وعدوں پر واپس آجائے گا جو اس نے جوہری معاہدے کے تحت قبول کیے تھے۔جوہری مذاکرات اپنے آخری مرحلے کے قریب پہنچتے ہی ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے فرانس پر تنقید کی۔انہوں نے پریس بیانات میں کہا کہ مذاکرات میں فرانس سب سے زیادہ پریشانی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ جامع منصوبے کے مذاکرات کی بنیاد ایران کے خلاف الزامات کو ختم کرنا ہے اور اس کے خلاف من گھڑت خبروں اور مبینہ دستاویزات کو شائع کرنے سے روکنا ہے۔


