ملک بھر میں سیلاب سے مزید 27افراد جاں بحق، بلوچستان میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے کہاہے کہ ملک بھر میں سیلاب سے مزید 27افراد جاںبحق ہوئے ہیں جن میں4افراد بلوچستان میں جان کی بازی ہارگئے ہیںبلوچستان میں سیلاب متاثرین کی حالت سب سے زیادہ تشویش ناک ہے،ملک میں اب تک سیلاب اور بارشوں سے 3 لاکھ 72 ہزار 823 گھر تباہ ہوئے جب کہ 7 لاکھ 33 ہزار 536 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 27 افراد سیلاب کی نذر ہوگئے، جس کے بعد اب ملک میں اس قدرتی آفت کے نتیجے میں لقمہ اجل ہونے والوں کی مصدقہ تعداد 1191 ہوچکی ہے جب کہ 3 ہزار 641 افراد زخمی ہیں۔24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں مزید 15، خیبر پختونخوا میں 7، بلوچستان میں 4 اور پنجاب میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق ملک میں اب تک سیلاب اور بارشوں سے 3 لاکھ 72 ہزار 823 گھر تباہ ہوئے جب کہ 7 لاکھ 33 ہزار 536 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔قدرتی آفت کے نتیجے میں 243 پل تباہ اور 5 ہزار 63 کلومیٹر شاہراہوں کو نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ 7 لاکھ 31 ہزار سے زائد مویشی بھی سیلاب میں بہہ گئے۔بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی حالت سب سے زیادہ تشویش ناک ہے، راستوں کی بندش اور امن و امان کی مخدوش صورت حال کے باعث ہزاروں متاثرین تک تاحال امداد نہیں پہنچ پارہی۔کراچی سے زمینی رابطہ نامکمل ہونے کے باعث اشیائے ضروریہ کی ترسیل کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ناجائز منافع خور مافیا میدان میں آگیا ہے۔بلوچستان میں سیلاب کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ، کوئٹہ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے جبکہ دیگر اضلاع میں بجلی دستیاب ہی نہیں۔سولر پینلز کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، دکاندار کہتے ہیں کہ راستے بند ہیں، مال کم ہو نے کی وجہ قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے چیف ایگزیکٹیو افسر کیسکو کہتے ہیں کہ سیلاب کے باعث بجلی کے 27 گریڈ اور 336 فیڈر متاثر ہوئے ہیں ، بحالی کا کام ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں