بلوچستان میں برقی قلت پورا کرنے کیلئے اضافی لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے، کیسکو
کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے کہاہے کہ بلوچستان کی تمام بجلی کا دارو مدار این ٹی ڈی سی کے ٹرانسمیشن لائنز کینیٹ ورک پر منحصر ہے 220kV ٹرانسمیشن لائن کے دونوں سرکٹ بند ہونے سے کیسکوکو برقی قلت کے علاوہ مسلسل بجلی کی فراہمی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس وقت220kV ڈی جی لورلائی سے 280 میگاواٹ، ڈبل سرکٹ سبی ٹو کوئٹہ 160 میگاواٹ، 220kV ڈیرہ مراد جمالی 25 میگاواٹ، فورٹ منرو ٹو رکھنی سے 60 میگاواٹ اور سبی کے لیے 20 میگاواٹ حاصل کی جارہی ہے۔ ہمسایہ ملک ایران سے مکران کے علاقوں کے لیے 80 میگاواٹ بجلی حاصل کی جارہی ہے۔ مختلف ذرائع سے ہونیوالی تقریباً 625 میگاواٹ بجلی صوبے کے تمام علاقوں کی ضرورت کے لیے ناکافی ہے۔ اس وقت صوبے میں بجلی کی کل طلب تقریباً 1500 میگاواٹ ہے جبکہ دستیاب 625 میگاواٹ ہے۔ برقی قلت کو پورا کرنے کے لیے اضافی لوڈشیڈنگ ناگزیر ہے۔ اس وقت کوئٹہ شہر کو متبادل ذرائع سے اور باری باری تمام فیڈروں کو بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ 220kV دادو، خضدار اور 220kV سبی کوئٹہ ٹرانسمیشن لائن پر این ٹی ڈی سی کام کررہی ہے۔ 220kV نیٹ ورک کے گرے ہوئے ٹاورز کی مرمت وبحالی کا کام این ٹی ڈی سی سرانجام دے رہی ہے۔ توقع ہے کہ جلد این ٹی ڈی سی 220kV دادو خضدار ٹرانسمیشن لائن پر مرمتی کام مکمل کر کے بجلی کی فراہمی بحال کرے گی۔ 220kV دادو، خضدار ٹرانسمیشن لائن کی کیسکو نیٹ ورک میں آنے سے بجلی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔


