فوج کیخلاف عمران خان کا بیان عالمی سطح پر ملکی بدنامی کا باعث ہے، روبینہ عرفان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان نے فوج سے متعلق عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج انتہائی منظم ادارہ ہے اوراسکے سربراہ کی تقرری کا اپنا ایک شفاف طریقہ کار ہے عمران خان آرمی چیف کی تقرری سے متعلق غیر ذمہ دارانہ بیان ملک اور فوج کی بدنامی کا باعث بن رہاہے جس کی میں مذمت کرتی ہوں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں روبینہ عرفان نے کہا کہ میں عمران خان کے اس غیر ذمہ دارانہ بیان کی مذمت کرتی ہوں جس میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری اپنی مرضی کا آرمی چیف لانا چاہتے ہیں، فوج انتہائی منظم ارادہ ہے اوراسکے سربرہ کی تقرری کا اپنا ایک شفاف طریقہ ہے فوج حکومت وقت کو تین نام بھیجتی ہے جس میں سے وزیراعظم کو یہ آئینی اختیار حاصل ہے کہ وہ ان میں سے موضوع ترین امیدوار کا بطور آرمی چیف انتخاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ غیر ذمہ دارانہ بیان آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنارہا ہے اور ملک و فوج کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم عمران خان نے بھی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی تھی تو اب اس طرح کے بیانات دینا غیر زمہ دارانہ حرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان نہ صرف فوج میں بے چینی پیدا کررہا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کی بدنامی کا باعث بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مشورہ دوں گی کہ وہ پاک فوج کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹیں پاک فوج ملک اور سرحدوں کی حفاظت کی ضامن ہے اوراسکے سربراہ کی تقرری کے بارے میں اس قسم کا بیان ملک کے مفاد میں نہیں ہے لہذا عمران خان ہوش کے ناخن لیں اوراسطرح کے بیانات دینے سے گریز کریں۔


