سیلاب متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں، گھروں میں دوبارہ آباد کریں گے، جنرل قمر باجوہ

اوستہ محمد (انتخاب نیوز) فوج مشکل وقت میں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، فوج کی خدمات آپ بھائیوں بہنوں کے ساتھ ہے۔ ان شاءاللہ آپ کو اپنے گھروں میں آباد کریں گے، ہمارے جوان ہمہ وقت آپ کی خدمت کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیف آف آرمی جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج ایک روزہ دورے پر اوستہ محمد سیلاب متاثرین خیمہ بستی میں مقیم متاثرین سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بارش یا سیلاب اللہ پاک کی طرف سے ہے اور وہی مالک ہے، مدد کرنے والا رحم کرنے والا ہے، فوج ہر مشکل وقت میں اپنے ہم وطن بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہے، آپ کی ہر ممکنہ مدد کی جائے گی، پہلے مرحلے میں آپ کو خوراک، ادویات کی فراہمی اور محفوظ مقام یعنی خیمہ بستی میں مقیم کرنا ہے اور آپ کی خوراک ادویات اور صاف پانی کا بندو بست کرنا اور جو پھنسے ہوئے ہیں ان کو محفوظ مقام پر ریسکو کرنا ہے اور ہمارے جوانوں نے ریسکو بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ان شاءاللہ آپ کو اپنے گھروں میں آباد کریں گے، فوج آپ کی خدمات میں ساتھ ساتھ ہے، اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ سیلاب متاثرین کو تکلیف نہ پہنچے۔ ان شاءاللہ میں ہروقت آپ کے متعلق معلومات لیتا رہوں گا۔ انہوں نے میڈیکل کیمپ اور لگائے گئے خیمہ بستی کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر آئی ایس پی آر کے لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار، میجر جنرل شہاب اسلم، کور کمانڈر بلوچستان آصف غفور، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ ایک روزہ دورے کے بعد وہ واپس چلے گئے، انہوں نے سیلابی علاقے کا ہوائی دورہ بھی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں