وڈھ، تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کا فقدان، تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر
وڈھ(نمائندہ انتخاب)وڈھ شہر کے تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان۔ کلاس رومز، بجلی ، پانی اور عملہ کی کمی سمیت افسران کی عدم توجہی کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہیں۔ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول وڈھ میں دو سال پہلے منظور شدہ کلاس رومزکی تعمیر تاحال مکمل نہیں ہوسکی۔ ٹھیکیدار نے کام کو ڈور بینڈ تک لاکر روپوشی اختیار کرلی ہے اور 6ماہ سے کام بند پڑا ہے۔ سکول میں 800سے زائد طلباءکو بیٹھنے اور تعلیم حاصل کرنے کیلئے جگہ نہیں۔ سکول میں باقاعدہ امتحانی ہال بھی موجود نہیں۔50سال پرانی و خستہ حال عمارت بارشوں کے بعد چھت سیپیج اور لیکیج کی وجہ سے بیٹھنے لائق نہیں رہتی ۔ پانی کی شدید قلت ہے سکول بور کا سبمرسیبل کئی ہفتوں سے خراب ہے۔سکول کی چاردیواری انتہائی خستہ اور پست ہے تین بار چاردیواری کے مختلف حصے گرگئے ہیں۔ ایک بار ایک حصے کے گرنے سے باہر موجود مویشی ملبے تلے آگئے تھے۔ کسی بھی وڈھ کسی بڑی نقصان کے خطرے کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ سکول کے عقبی جانب چاردیواری کی بلندی محض 4فٹ ہے جس سے کوئی بھی پھلانگ کے سکول میں داخل ہوسکتا ہے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر سکول غیر محفوظ ہے۔ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول سرداری شہر وڈھ میںتمام طالبات کیلئے 3فنکشنل کلاس روز ہیں ۔ سکول کیلئے 5سال پہلے کلاس رومز کی تعمیر شروع کی گئی تھی جوکہ تاحال نامکمل ہے۔ سکول میں تاحال بجلی کی سہولت میسر نہیں طالبات شدید گرمی میں بغیر بجلی کے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ سکول کو واٹر کنکشن تک نہیں جس سے بچے پانی پی سکیں۔ مڈل سکول کیلئے 5ٹیچرز کا عملہ ہے جس کیوجہ سے تدریسی عمل شدید متاثر ہے۔ حکام بالا کی جانب سے تعلیمی ادارے یکساں طورپر نظر انداز ہیں اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات نہیں ہورہی ہیں ۔


