مریم اورنگزیب کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا پاکستان آمد پر خیرمقدم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتیرس کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل ایسے موقع پر دورہ کر رہے ہیں جب ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، ان کے دورہ سے دنیا پاکستان میں سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی سےبہتر طور پر آگاہ ہو سکے گی۔ جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مشکل گھڑی میں یک جہتی کے اظہار کے لئے پاکستان آمد پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان کے دورہ پاکستان سے سیلاب متاثرین کے مسائل اور مشکلات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے 160 ملین ڈالر کی فلیش فلڈ اپیل جاری کی جو لائق تحسین ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ دورہ موسمیاتی تبدیلیوں کے مہلک اثرات کے نتائج کا احساس دلانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادی کو سیلاب اور قدرتی آفات سے دوچار غریب ممالک کی مدد کے لئے آگے بڑھنا ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔


