عالمی برادری دہشتگردی کے متاثرین کے حقوق کے تحفظ کوامن کوششوں کا حصہ بنائے، بلاول بھٹو

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کے متاثرین کے حقوق کے تحفظ کو امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے عالمی کوششوں کا بنیادی حصہ بنائے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کے مطابق دہشت گردی کے متاثرین کی اقوام متحدہ کی پہلی عالمی کانگریس کے اعلی سطح کے سیگمنٹ کے دوران خطاب کررہے تھے۔ وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے دوران متاثرین پر مبنی نقطہ نظر کو فروغ دیں۔ وزیر خارجہ نے دنیا بھر میں دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم لوگوں کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر غیر ملکی قبضے کے معاملات میں ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 80 ہزار سے زائد افراد جاں بحق اور 150ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے جس میں اسلامو فوبیا، نسلی محرک اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی بھی شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے نئے اور ابھرتے ہوئے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے دہشتگردی کی متفقہ تعریف تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف اس کے بنیادی اسباب کو حل کرکے ہی کیا جاسکتا ہے، عالمی برادری تنگ نظری پر مبنی سیاسی مفادات اور جغرافیائی سیاسی ایجنڈے سے بالاتر ہو کر اس لعنت کو مکمل طور پر ختم کرے۔ وزیر خارجہ نے بعض ممالک کی جانب سے اختیار کردہ مخصوص طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردی کو برداشت کرنا ممالک کی خارجہ یا ملکی سیاست کا کام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ سب سے بڑی ناانصافی ہے۔ وزیر خارجہ نے کسی خاص مذہب، نسل، تہذیب یا ملک کے خلاف کسی تعصب یا پیشگی تصورات کے بغیر اس عالمی مسئلہ سے لڑنے کے لیے بین الاقوامی تعاون جاری رکھنے کی فوری ضرورت پر بھی زور دیا۔ گلوبل کانگریس ایک دو روزہ اعلی سطحی تقریب ہے جس کا اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد دہشت گردی (یو ای او سی ٹی) کررہا ہے۔ کانگریس کا مقصد دہشت گردی کے متاثرین کے حقوق اور ضروریات کے بارے میں بیداری پیدا کرنا اور اس مسئلہ پر بات چیت کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں وزارتی سطح پر متعدد ممالک نے بھی شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں