کورونا سے متاثرہ میڈیا ورکرز کے لیے پیکج کا اعلان کیا جائے، غلام نبی مری


کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے حکومت وقت سے بلوچستان کے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا سے وابستہ کورونا وائرس سے متاثرہ صحافیوں کیلئے اسپیشل پیکج کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈاکٹرز،پیرامیڈکل اسٹاف اور نرسز کے بعد صحافی اوراخباری صنعت سے وابستہ افراد ہی ہیں جنہوں نے اپنی جان ہتھیلی پررکھ کر روز اول سے عوام میں شعوروآگاہی کیلئے اپنا کرداراداکیاہے جس پرہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہاہے کہ عالمی وباء کووڈ19(کورونا وائرس) کے خلاف ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر طبی ونیم طبی عملے کے علاوہ بلوچستان کی پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹس بھی فرنٹ لائن پر عوام میں شعور وآگاہی اور لوگوں کوانفارمیشن کی فراہمی کیلئے اپنا کرداراداکررہے ہیں،سہولیات کے فقدان کے باوجود شروع دن سے صوبے کے صحافی فرنٹ لائن پر بھرپور عزم کے ساتھ کورونا وائرس کے خلاف شعور وآگاہی پھیلا رہے ہیں اسی لئے صوبے کے نامور صحافیوں سمیت35سے زائد صحافی کورونا وائرس کے شکار ہوگئے ہیں جنہوں نے گھروں پر خود کو آئیسولیٹ کردیاہے،انہوں نے کہاکہ یہ صحافی پہلے دن سے حکومت اور طبی عملے کے شانہ بشانہ عوام کی خدمت کیلئے کوشاں رہے لیکن اس دوران وہ خود اس وباء کے شکار ہوئے ہیں ایسی صورتحال میں جہاں ایک عالمی وباء کو شعور وآگاہی کے ذریعے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے ہی کنٹرول کیاجاسکتاہے ایسے میں پرنٹ والیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور دیگر ورکرز نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر صحافی فرائض سرانجام دے رہے ہیں،اگر حکومت وقت شروع ہی دن سے میڈیا کے شعبے سے وابستہ افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی سامان کی فراہمی ممکن بناتی تو آج اتنے بڑے تعداد میں میڈیا سے وابستہ صحافی اور کارکن متاثر نہیں ہوتے،انہوں نے کہاکہ ایسے حالات میں جہاں میڈیا انڈسٹری سے وابستہ صحافی اور دیگر کارکن بغیر حفاظتی سامان کے اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہاکہ حکومت بلوچستان فوری طورپر فرنٹ لائن پر اپنا کردارادا کرنے والے صحافیوں کیلئے اسپیشل پیکج کااعلان کریں تاکہ ان کو درپیش مشکلات و مسائل کاخاتمہ ہو اور بطور فرنٹ لائن ہیرو اپنا فرائض کی انجام دہی جاری رکھ سکیں۔انہوں نے گزشتہ روز صوبے کے کورونا وائرس کے شکار مختلف صحافیوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اوران کی خیریت دریافت کی،انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ کورونا وائرس سے متاثرہ تمام صحافیوں کو جلد سے جلد صحت عطاء فرمائے جنہوں نے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کرعوام میں شعور کیلئے کام کیاہے۔