شمسی توانائی پرمنتقلی، کیسکو نے زرعی کنکشنز منقطع کرنے کے منصوبے کادوسرا فیز مکمل کرلیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے شمسی توانائی پر منتقلی کے بعد زرعی کنکشنز منقطع کرنے کے منصوبہ کا دوسرا فیز مکمل کرلیا ہے۔ دوسرے فیز میں ضلع کوئٹہ، خضدار، مستونگ، نوشکی، خاران اور ہرنائی کے زرعی صارفین کوحکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں رقم جاری ہونے کے بعد ان کے کنکشنز منقطع کیے۔ دوسرے فیز میں 3729 زرعی کنکشنز کے علاوہ 933 غیر قانونی ٹیوب ویل کنکشنز سمیت 4662 زرعی کنکشنز کیسکو کے نیٹ ورک سے منقطع کردےے گئے ہیں اور اس سلسلے میں 2 ہزار زرعی ٹرانسفارمرز اور 1270 ایچ ٹی کھمبے اور ان سے منسلک دیگر برقی آلات اتار دیے گئے تاکہ یہ زرعی کنکشنز دوبارہ کیسکو نیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکےں۔ اس کے علاوہ دیگر ٹرانسفارمراور ایچ ٹی کھمبے و برقی آلات زمینداروں سے لینے کا عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ زرعی کنکشنز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبہ کے فیزون پر کام 20 دسمبر 2024 میں شروع کرکے 24 جنوری 2025 تک مکمل کرلیا گیا۔ جس کے بعداس منصوبہ کے دوسرے فیز پر کام فروری کے مہینے میں شروع کرکے اسے 14مارچ2025کو مکمل کرلیا گیا۔ کیسکو ان تمام زرعی صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ شمسی توانائی پر منتقلی کے بعد زرعی ٹرانسفارمرز واپس کرنے کے عمل میں کیسکو ٹیموں سے تعاون کریں۔