سکھر آر ڈی 71 سیم نالے کا پل ٹوٹ گیا، میہڑ میں 4 بچے سیلابی ریلے میں بہہ گئے

دادو (انتخاب نیوز) دادو، میہڑ، جوہی اور بھان سعید آباد میں طوفانی ہواوں کے ساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے بعد شہری رنگ بندوں پر الرٹ ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دادو اور بھان سعید آباد کے رنگ بندوں کی مضبوطی کے لیے اقدامات کئے گئے،دادو کے چک پل کے ٹوٹنے اور سیم نالے میں شگاف کے باعث ریلا یونین کونسل یار محمد کلہوڑو کے شہر فکا کو عبور کرتا گاوں احمد خان جتوئی اور حافظ میر محمد کلہوڑو پر تھم گیا ہے ادھر سکھر میں صالح پٹ کے قریب پانی کے دباو کے باعث آر ڈی 71 سیم نالے کا پل ٹوٹ گیا جبکہ قمبر اور میہڑ میں 4 بچے سیلاب میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ادھر ٹھٹھہ، سجاول اور مکلی میں سڑک پر زندگی بچانے کی تگ و دو میں جتے افراد کے لیے بارش کا نیا اسپیل مشکل امتحان بن گیا ہے۔سندھ کے مختلف علاقوں میں کھلے آسمان تلے پناہ لینے والوں کے پاس بارش سے بچنے کے لیے نہ سر پر چھت، نہ تن پر کپڑا، نہ خیمے، نہ کمبل اور نہ ہی دری موجود ہے۔امداد کے منتظر سیلاب متاثرین ٹوٹی پھوٹی چارپائیوں پر پھٹی پرانی پلاسٹک کی شیٹوں میں بچوں کو لپیٹ کر انہیں بارش سے بچانے کی ناکام کوشش کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں