بلوچستان سیلاب کی تباہ کاریاں، مزید 13 اموات رپورٹ، متاثرہ علاقوں میں ادویات کی قلت
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری،مزید 13 اموات رپورٹ کر لی گئیں جاں بحق افراد میں ایک مرد 3 بچے اور 9 خواتین شامل ہیں جاں بحق افراد کی تعداد 294 تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرہ اضلاع میں وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں ڈاکٹرز اور ادوایات کی کمی سے مزید انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں، سیلاب سے 294 جاں بحق ہونے والوں میں 134 مرد 73خواتین اور 87 بچے شامل ہیں بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 181 افراد زخمی ہوئے جن میں 92 مرد 40 خواتین اور 49 بچے شامل ہیں سیلاب نے کئی افراد کو جہاں بے روزگار کیا تو وہیں مجموعی طور پر صوبے بھر میں 65 ہزار سے زائد مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہونے سے کئی لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں بارشوں میں 2 ہزار 198 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جسکی وجہ سے مسافر اور ٹرانسپورٹرز شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 22 پل ٹوٹ چکے ہیں جن میں سے بیشتر پر کام جاری ہے سیلابی ریلوں میں 2 لاکھ 70 ہزار 744 مال مویشی بہہ چکے تو وہیں سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو شدید نقصانات ہوئے ہیں مجموعی طور پر 2 لاکھ 8 سو 11 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں اور باغات بھی سیلاب کی نظر ہوچکے ہیں سیلاب سے متاثرہ 31 اضلاع میں ہیضہ، ملریا اور جلد کے امراض بھی پھوٹ پڑے جسکی وجہ سے بچوں اور خواتین سمیت متاثرہ افراد کی صحت کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔


