عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی توانا آواز ہیں، پرویزالٰہی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی توانا آواز ہیں، عمران خان کی کال پر اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر عطیات دیئے۔منگل کو وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے کینیڈین نژاد پاکستانی عامر خان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیز کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ عامر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو وزیر اعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔کینیڈین اوورسیزپاکستانیوں نے فلڈ ریلیف کے لئے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے اقدامات کوسراہا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے سب سے پہلے سیلاب متاثرہ علاقے میں پہنچ کر قابل تقلید مثال قائم کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف ہماری ترجیح ہے، سیلاب متاثرین کو بروقت ریسکیو کیا اور ریلیف کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اوورسیز پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر عطیات دیئے۔چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی توانا آواز ہیں۔واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والے وفد میں اوورسیز پاکستانی فاروق ارشد، ظفر چودھری، سہیل انجم اور شہزاد خان شامل تھے۔


