پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان میں یومِ علیؓ کے جلوسوں پر پابندی عائد

پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے کووِڈ 19 کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر جلوسوں پر مکمل پابندی عائد کردی جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے کے دوران کسی قسم کے جلوس کی اجازت نہ دینے کا حکم جاری کردیا گیا۔تاہم صوبائی حکومتوں نے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر عملدرآمد کے ساتھ چار دیواری کے اندر تعزیتی اجتماعات (مجالس) کی اجازت دی۔ صوبائی محکمہ داخلہ سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا کہ وفاقی وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں یومِ علیؓ کے اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔اسی طرح حکومت خیبرپختونخوا کے ریلیف ری ہیبلیٹیشن ڈپارٹمنٹ سے جاری نوٹفکیشن میں کہا گیا کہ کووِڈ 19 کے سلسلے میں نافذ ایمرجنسی کے تحت مذہبی سمیت ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔دوسری جانب حکومت بلوچستان کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت بلوچستان نے صوبے میں ہر قسم کے مذہبی جلوسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے بھی کسی مذہبی جلوس کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔اعلامیے کے مطابق تمام علمائے اہل تشیع کو کووِڈ 19 کے کیسز میں اضافے سے آگاہ کردیا گیا ہے تاکہ یومِ علی کے جلوسوں سے گریز کیا جائے۔تاہم پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ حکومت اور علمائے کرام کے متفقہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرتے ہوئے چار دیواری کے اندر مجالس کی اجازت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں