بھارت سے تعلقات شہباز شریف کی لیک آڈیو میں سامنے آگئے، شیخ رشید
راولپنڈی (انتخاب نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے تعلقات اور بھارت سے تجارت کی مثال وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی آڈیو لیک میں سامنے آگئی ہے۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان بھارت سے بغیر کلیئرنس اپنی شوگر ملوں کے لیے انجینئر منگواتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی لڑائی طویل ہوئی تو غریب کے حالات مزید گھمبیر ہوجائیں گے، سیاستدان عام آدمی کے مسائل نہیں سمجھ رہا، صرف میڈیا میڈیا کھیل رہا ہے۔شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حالات کے تقاضوں کو دیکھ کر ن لیگ بھی الیکشن مہم کے لیے نکل رہی ہے، ستمبر ستمگر ہے، اکتوبر میں اہم فیصلے ہوجائیں گے۔سابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ معاشی حالات اتنے گھمبیر ہیں کہ کوئی کال نہ بھی دے تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انا اور ضد کو چھوڑ کر صاف اور شفاف الیکشن کا فوری فیصلہ کیا جائے۔


