پاکستان کو اسلحہ کی فراہمی،بھارتی اعتراضات مسترد،امریکا نے بھارتی وزیر خارجہ کو کھری کھری سنا دی
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق بھارتی اعتراضات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ کو کھری کھری سنا دی۔بھارتی وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ پاکستان کو دیا جانے والا ایف 16 طیاروں کا پروگرام نیا نہیں بلکہ ایک عرصے سے ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کو نئے طیاروں، نئے سسٹمز یا نئے ہتھیاروں کی فراہمی نہیں کی جا رہی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے منظور کردہ 450 ملین ڈالر کی ڈیل پہلے سے فراہم کیے گئے طیاروں کی مینٹیننس کے لیے ہے تاکہ جو طیارے پاکستان کے پاس ہیں، انہیں برقرار رکھا جاسکے۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم پابند ہیں کہ ہماری طرف سے فراہم کردہ فوجی ساز و سامان قابل استعمال رہے۔انٹونی بلنکن نے بھارتی ہم منصب کو کہا کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام دہشتگردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بناتا ہے، یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں کہ ان خطرات کو بڑھنے دیا جائے۔امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نہ صرف دہشتگردی کے واضح خطرات خود پاکستان بلکہ اسکے پڑوسی ممالک سے بھی اٹھ رہے ہیں، یہ خطرات واضح اور سب کے علم میں ہیں اور یہ سب کے مفاد میں ہے کہ ان سے نمٹنے کے لیے ہمارے پاس زرائع ہوں اور یہ پروگرام اسی مقصد کے لیے ہے۔


